کابل (جیوڈیسک) افغان طالبان نے صدارتی انتخابات کے روز پولنگ اسٹیشنز پر حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی عمل سے دور رہیں۔
افغان طالبان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 14 جون کو صدارتی انتخابات کے لئے دوبارہ انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز کو نشانہ بنایا جائے گا لہذا عوام انتخابی عمل سے دور رہیں۔ 14 جون کو افغان عوام اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ میں سے کسی ایک کو افغانستان پر اگلے 5 سالوں کے لیے حکومت کرنے کا حق دیں گے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں 5 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے سرکاری نتائج کے مطابق پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار حتمی برتری کے لیے درکار 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔ انتخاب کا دوسرا اور حتمی مرحلہ 14 جون کو منعقد ہوگا جس میں سابق وزیرِ خارجہ عبداللہ عبداللہ اور اور ماہر معاشیات اشرف غنی کے مابین مقابلہ ہوگا۔