دراس (جیوڈیسک) بھارتی شمالی کمان کے فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے دعوی کیا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کی صورت میں کشمیر عسکریت پسندوں کا اگلا میدان جنگ ہو گا۔
انہوں نے کہا ہمیں ہنگامی حالات کیلئے تیار رہناہے،یہ میرا کام ہے کہ میں دیکھوں کہ کس طرح ہنگامی حالات پیدا ہونے والے ہیں اور اس سے جموں و کشمیر کی سکیورٹی صورتحال کس طرح اثر انداز ہوسکتی ہے ،لہذا افغانستان سے باہر پھیل جانے کا خطرہ ہے، جنگجو یہاں آسکتے ہیں۔
آپ حزب المجاہدین کے سربراہ کے بیانات پڑھ رہے ہیں جن میں وہ کہتے ہیں کہ میں القاعدہ اور طالبان سے مدد لوں گا۔ ہم طالبان کی جانب سے بیانات سن رہے ہیں کہ کشمیر ان کا اگلا میدان جنگ ہو گا۔ غزوہ ہند جیسی اصطلاحات استعمال کی جارہی ہیں،گوکہ ابھی تک اس کو عملی صورت سامنے نہیں آئی لیکن ان چیزوں پر آپ کو نظر رکھنی ہے اور اس کیلئے تیار رہنا ہے۔
جنرل ہوڈا نے ان خبروں پر بھی تشویش کا اظہا ر کیا کہ سرینگر میں آئی ایس آئی ایس کے پرچم لہرائے جارہے ہیں۔ان کا کہناتھاہاں ان تمام چیزوں سے ہم پریشان ہوتے ہیں تاہم ہم ان تمام ہنگامی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور دیکھ رہے ہیں کہ اگر ایسی صورتحال رونما ہوتی ہے تو اس سے کیسے نمٹا جائے۔