کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں نئے صدر کے انتخاب کے لئے ہفتہ کو صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 5 اپریل کو ہونے والے افغان صدارتی انتخابات میں آٹھ امیدوار حصہ لے رہے جن میں اشرف غنی احمد زئی، زلمے رسول اور عبداللہ عبداللہ کو اہم امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
دیگر امیدواروں میں محمد داوٴد سلطان زئی، قطب الدین جلال، گل آغا شیرزئی اور ہدایت امین ارسلہ شامل ہیں۔افغان آئین کے مطابق صدر حامد کرزئی تیسری مرتبہ صدر کے لیے منتخب نہیں ہو سکتے۔وہ 13 برس اس عہدے پر فائز رہے۔
افغانستان میں ایک کروڑ 10 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کی اہل ہیں ، جن کے لئے 28 ہزار 5 سو پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ وزارتِ داخلہ کاکہنا ہے کہ انتخابات میں خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے انتخابی عملے میں 35 فیصد خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔
ایک سروے کے مطابق 91 فیصد افغان انتخابات کے حق میں ہیں اور 74 فیصد کا کہناہے کہ وہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ انتخابات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور چار لاکھ سکیورٹی اہلکار سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔