کابل (جیوڈیسک) ایک غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ قیدیوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس کی وزارتِ داخلہ نے بھی تصدیق کی ہے۔ ریڈ کراس نے رہا ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کو رہائی کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔
رہا ہونے والے قیدیوں میں بلوچستان کے ضلع پنجگور کے عبدالنبی، بلوچستان کے قلائی ہروت کے سردار محمد، قبائلی علاقے کے زبیت اور عمران، کراچی کے رہائشی محمد اقبال، خیبر پختونخوا کے علاقے تاثیر بروالی کے رہائشی امتیاز خان، مانسہرہ کے شعیب خان، لکی مروت کے لطیف اللہ اور لاہور کے رہائشی عمران الحسن شامل ہیں۔
تنظیم کے مطابق ان افراد کو کئی برس تک بغیر کسی الزام کے جیل میں قید رکھا گیا اور انھیں وکیل کی سہولت بھی حاصل نہیں تھی۔ بگرام جیل کا نظم و نسق افغان حکام کے حوالے کیا جا چکا ہے جس کے بعد بہت سے مقامی قیدیوں کو رہائی مل گئی ہے، تاہم وہ حصہ جہاں پاکستانیوں سمیت غیرملکی قید ہیں، اب بھی امریکیوں کے زیرِانتظام ہے۔