کابل(جیوڈیسک)جنوبی افغانستان میں ایک ٹریکٹر سڑک کنارے نصب بم دھماکے کی زد میں آ گیا، سات شہری جا ںبحق جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔ وزارت داخلہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ٹریکٹر اور ٹرالر صوبہ زابل کے علاقے مالیزئی میں بارودی سرنگ کی زد میں آ گئے جس سے سات شہری ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو افغان پولیس کی جانب سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دھماکے کی تفصیلات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم سڑک کنارے نصب بم اور بارودی سرنگ کے دھماکے طالبان کا ہتھیار ہیں جو صدر حامد کرزئی کی حکومت اور اس کے مغربی اتحادیوں کیخلاف 11 سال مزاحمت کر رہے ہیں۔8 اپریل کو قریبی غزنی صوبہ میں ایک افغان بس کے نیچے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں9 شہری ہلاک اور کم از کم 22 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
حملے کی ذمہ داری طالبان جنگجوں پرعائد کی گئی تھی۔ اس سے ایک روز قبل زابل میں نیٹو کے قافلے کو خود کش کار بم حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں تین امریکی فوجی اور ایک خاتون امریکی سفارت کار جو کہ افغان حکام کے ساتھ طلبہ میں کتابوں کی تقسیم کے لئے جارہی تھی ، سمیت دو شہری ہلاک ہو گئے تھے۔