ہلمند (جیوڈیسک) افغان پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ ہلمند میں ایک فضائی کارروائی کے دوران اہم طالبان کمانڈرملا منان اپنے کئی ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے کئی علاقوں میں طالبان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیش نظر آپریشن خنجر شروع کیا گیا تھا جس میں افغان اور امریکی فورسز مشترکہ طور پر کارروائی کررہی ہے۔ اسی آپریشن کے دوران دو روز قبل زابل کے علاقے مرجع میں فضائی کارروائی کے دوران افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ہلمند پولیس کے سربراہ آقا نورقندوزنے غیرملکی خبرایجنسی کو بتایا ہے کہ مرجع میں کی گئی فضائی کارروائی میں کئی طالبان جنگجو ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں طالبان کی جانب سے نامزد صوبائی گورنر ملا منان بھی شامل تھے جو اگلے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ واضح رہے کہ 4 روزسے امریکا اورافغان حکام مسلسل یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ بلوچستان میں ایک کارروائی کے دوران طالبان کے امیرملا اختر منصورکو ہلاک کیا جاچکا ہے۔