افغانستان نازک دور سے گزر رہا ہے، جان کیری

John Kerry

John Kerry

کابل (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ افغانستان نازک دور سے گزر رہا ہے تاہم ایسا راستہ موجود ہے جس سے مسائل حل ہوسکیں۔

کابل میں امریکی سفارت خانے میں افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کے سربراہ جان کیوبیس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

افغان صدارتی انتخابات کے اعلان کے مطابق امریکی حمایت یافتہ امیدوارعبداﷲ عبداﷲ کے ہارنے پر جان کیری ہنگامی دورے پر کابل پہنچے۔ ملاقات کے بعد جان کیری نے کہا کہ افغانستان نازک صورت حال سے گزر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایسا راستہ ہے جس سے سوالات کے جوابات دیے جا سکیں اور لوگوں کے شکوک و شبہات دور کیے جا سکیں اور مستقبل کی راہ ہموار ہو۔

جان کیری صدارتی انتخابات جیتنے کے دعوے دار امیدواروں اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ قبل ازیں عبداللہ عبداللہ کی طرف سے متوازی حکومت بنانے کی خبروں کے پس منظر میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے خبردار کیا تھا کہ کوئی اقتدار غصب کرنے کی کوشش نہ کرے۔