کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں بمباری، امریکی ڈرون حملے میں 12 طالبان اور داعش کے23 شدت پسند ہلاک ہوگئے جب کہ صوبہ باد غیس میں افغان فوجی نے فائرنگ کر کے اپنے ہی 4 ساتھیوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلمند کے ضلع مرجامیں ایک فضائی کارروائی کے دوران طالبان کے ایک سینئر کمانڈر سمیت12ارکان ہلاک ہوگئے۔ صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 23 جنگجو مارے گئے جبکہ صوبہ لوگر میں دھماکا خیز مواد نصب کرتے ہوئے دھماکا ہوجانے سے طالبان کمانڈر سمیت 7 جنگجو مارے گئے۔ افغان سیکیورٹی اداروں نے مغربی ہرات میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 234 طالبان کو ہلا ک کرنیکا دعویٰ کیا ہے۔ صوبہ فاریاب میں115عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
دریں اثنا افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کے بعد افغان شہریوں نے اپنی حکومت سے اصلاحات کا مطالبہ کرنے کے بجائے پاکستان کیخلاف احتجاج شروع کردیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طورخم بارڈر پر ہونیوالی کشیدگی کیخلاف درجنوں افغان شہریوں نے پاکستان کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ڈیورنڈ لائن کو مستقل سرحدکے طور پر قبول نہیں کرینگے۔ بعدازاں مظاہرین نے احتجاج سے متعلق اقوام متحدہ کے کابل میں موجود دفتر میں ایک یادداشت بھی پیش کی۔