افغانستان میں ڈرون حملوں سمیت آپریشن میں 55 داعش اور37 طالبان جنگجو ہلاک

Drone Attacks

Drone Attacks

کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں نیٹوکے ڈرون حملوں میں داعش کے 55 جنگجو جبکہ افغان فورسز کے آپریشن میں 37 طالبان مارے گئے، پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے ہی 4 ساتھیوں کو قتل کردیا،کابل پر راکٹ حملوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی، داعش نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر حملہ کرنے والے 2 خودکش بمباروں کی تصاویر جاری کردی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں نیٹو کے ڈرون حملوں میں داعش کے 36 جنگجومارے گئے۔ دریں اثنا ضلع آچن میں داعش کے 17 جنگجو اور ضلع نازیان میںمزید 2 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ دریں اثنا صوبہ ہلمند میں افغان نیشنل آرمی نے نیٹو فورسز کی مدد سے کارروائی کی جس میں 37 طالبان ہلاک ہوگئے۔

افغان نیشنل آرمی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ طالبان جنگجوؤں نے گزشتہ روز ہلمند کے ضلع نہرسراج میں سیکیورٹی فورسز کی 2 چیک پوسٹوں پرحملہ کیاجوابی کارروائی میں جنگجوؤں کی 3 گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔ افغان فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ صوبہ تخار کے ضلع درقد میں 40 طالبان جنگجوؤں نے ہتھیار ڈال کر خود کوحکام کے حوالے کردیا۔ داعش نے افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر پرحملہ کرنیوالے 2 خودکش بمباروں کی تصاویر جاری کردیں۔ دونوں حملہ آوروں کی شناخت فاروق الخراسانی اور ابو عبید الخراسانی کے نام سے ہوئی ہے۔

شدت پسند تنظیم نے دعویٰ کیاکہ پاکستانی قونصل خانے پر حملہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن کے جواب میں کیا گیا ہے۔ افغان فورسز نے کابل پر راکٹ حملے کی کوشش ناکام بنادی۔ صوبہ قندھار میں پولیس اہلکار نے اپنے ہی 4 ساتھیوں کو ہلاک کردیا۔ افغان حکام نے کہا ہے کہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے رہنما حافظ سعید خان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔