افغانستان (جیوڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس میں امریکا اور افغان طالبان کے متوقع مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا افغانستان سے انخلا کے بعد بھی پاکستان سے تعاون جاری رہے گا۔ امریکی سفیر سے بات چیت میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھاکہ مذاکرات اورمفاہمت ہی خطے میں امن کا واحد راستہ ہے۔
،اور مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار قابل اطمینان ہے، چوہدری نثار علی خان نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کو قابل ستائش قرار دیا چوہدری نثار نے کہاکہ توقع ہے مفاہمتی عمل سے خطے میں امن بحال ہوگا۔
اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائیگا، امریکا افغانستان سے انخلا کے بعد بھی پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا، رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ جغرافیہ اور جوہری طاقت کی بنا پر پاکستان بہت اہم ہے، پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات کی بحالی کا یہ موزوں وقت ہے۔