کابل (اصل میڈیا ڈیسک) افغانستان میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سو سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے نورستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں تاحال جاری ہیں، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ضلع کامدیش میں ریکسیو کام جاری ہے۔ ریسکیوحکام کے مطابق رواں ہفتے آنے والے سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 113 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ 110 افراد ابھی تک لاپتہ اور 34 افراد زخمی ہیں۔
افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر میجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان عبدالسمیع زربی کے مطابق دارلحکومت کابل سے 200 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع کمدیش ضلع میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ سیلاب کے نتیجے میں 170 گھر مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ جب کہ تین سو گھرانے متاثر ہوچکے ہیں۔
وزارت برائے ڈیزاسٹر میجمنٹ کے ترجمان تمیم عزیمی کا کہنا ہے کہ طالبان کے زیر اثر علاقہ ہونے کی وجہ سے وہاں سرکاری امدادی ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں ہے، تاہم افغان ریڈ کریسینٹ سوسائٹی وہاں امدادی کام کر رہی ہے۔