افغانستان میں فورسز کے آپریشن اور دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 41 طالبان ہلاک

Blast

Blast

کابل (جیوڈیسک) افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، جھڑپوں اور دھماکا خیزمواد پھٹنے سے 5 خودکش حملہ آوروں سمیت 41طالبان جنگجو ہلاک اور50 زخمی ہو گئے جبکہ طالبان کے حملوں میں 6پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے، دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔

وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا کہ افغان نیشنل پولیس،آرمی اورانٹیلی جنس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مشترکہ طور پرانسداد دہشت گردی آپریشن صوبہ غزنی، خوست، سرائے پل، بدخشان، ننگرہار، قندھار اور فریاب میں کیا گیا جس میں 22 جنگجو مارے گئے جبکہ 28 زخمی ہوئے۔

مختلف اقسام کے ہتھیاراور بارودی مواد جس میں دیسی ساختہ بم ڈیوائسز بھی شامل ہیں قبضے میں لے لیا گیا۔ ادھر مشرقی صوبہ کنٹرمیں افغان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 12 طالبان جنگجوہلاک اور22 زخمی ہوگئے۔

صوبائی پولیس کے سربراہ عبدالحبیب سید خیل نے بتایا ہے کہ جھڑپ ضلع دنگام میں گزشتہ رات گئے شروع ہوئی جب سیکڑوں کی تعداد میں طالبان نے حملہ کیا۔سیکیورٹی فورسز نے طالبان کوگھیرے میں لے رکھا ہے۔ جھڑپ میں 2 شہری اور 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔مقامی حکام کاکہناہے کہ جنگجوؤں کا تعلق پاکستان سے ہے تاہم افغان طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

دوسری جانب صوبہ ننگرہار میں طالبان کے افغان پولیس کی چیک پوسٹ پر حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ 4حملہ آور بھی مارے گئے۔صوبائی پولیس کے ترجمان حضرت حسین مشرق وال کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایک گروپ نے ضلع چھپرہارکے علاقے گوہوربند میں پولیس چیک پوائنٹ پرحملہ کیا۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہاگیا کہ صوبہ ننگرہار کے ضلع چھپرہارکے علاقے گوہرآبیک میں دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 5 خودکش حملہ آوراپنے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے پکتیکا کے ضلع زرمت میں آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھری ایک گاڑی اور 3 خودکش جیکٹس بھی برآمد کی ہیں ۔ادھر افغان صوبہ پکتیکا سے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے کمانڈر کو گرفتارکرلیا گیا ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کمانڈر کی شناخت قاری امنداللہ کے نام سے ہوئی ہے جو قاری خالد کے نام سے بھی مشہور ہے۔

ایک مقامی سیکیورٹی ذرائع نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ داعش کمانڈر کو افغان انٹیلی جنس نے مقابلے کے بعد گرفتار کیا جو 15 منٹ تک جاری رہا۔