کابل (جیوڈیسک) کابل میں ہونے والے جرگے میں دو ہزار سے زائد عمائدین شرکت کر رہے ہیں۔ قبائلی عمائدین امریکی افواج کے قیام میں اضافے کی منظوری دیں گے۔ افغان صدر حامد کرزئی بھی اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ جرگے میں شریک ہیں۔
جرگے میں امریکی فوج کو افغان عدالتوں کی جانب سے استثنیٰ دئیے جانے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ امریکا پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ اگر امریکی افواج کو افغانستان میں عدالتوں سے استثنیٰ حاصل نہ ہوا تو اس کی فوج 2014ء کے بعد افغانستان سے نکل جائے گی۔
دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ امریکا اور افغانستان باہمی سیکیورٹی کے ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں جسے منظوری کے لئے آج لویا جرگہ میں پیش کیا جائے گا۔ جرگے کے موقع پر افغان دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔