کابل (جیوڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کے باعث شدت پسند تنظیم داعش ملک میں پسپا ہو رہی ہے۔
افغانستان کے دورے پر آئے ہوئے نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ مشرقی صوبے ننگرہار کے اضلاع میں داعش کے خلاف زمینی اور فضائی افواج کے آپریشن نہایت کامیاب رہے۔
افغان عہدیداروں نے بتایا کہ ننگر ہار میں افغان فورسز کو داعش کے خلاف کارروائیوں کے دوران امریکی فوج کی جانب سے بھرپور فضائی مدد بھی فراہم کی گئی۔
پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں صدر غنی نے افغان فوج کے ریٹائرڈ کمانڈروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شدت پسند تنظیم کے خلاف کارروائیوں میں بہت اہم کردار ادا کیا۔