کابل (جیوڈیسک) افغانستان نے اسلام آباد میں چار جون کو ہونے والے سیکیورٹی مذاکرات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ صدر حامد کرزئی کی زیر صدارت افغان نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چار جون کواسلام آباد میں ہونیوالے سیکیورٹی مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کافیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان چودہ جون کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے افغان صدارتی انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اجلاس میں یہ الزام بھی لگایا گیا کہ پاکستانی حدود سے افغانستان میں راکٹ حملوں میں اضافہ ہوا ہے جو افغان صدارتی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کاحصہ ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس معاملے پر پاکستان سے گہری تشویش کااظہار کیا جائیگا۔
دوسری جانب سے افغان وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دو روز قبل افغان صوبے کنڑ میں پاکستانی حدود سے راکٹ فائر کیے گئے جبکہ پاکستانی ہیلی کاپٹروں نے کنڑپر پرواز بھی کی۔ترجمان نے کہا کہ راکٹ حملوں میں چھ افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہوئے۔ غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق آزاد ذرائع سے افغانستان کے ان الزامات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔