اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ افغانستان اپنی سر زمین سے پاکستان پر حملے رکوائے، ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، مذاکرات میں پیشگی شرائط سے مسائل حل نہیں ہونگے۔
ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران افغانستان میں حالیہ دہشتگردی کے حملے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔
افغانستان بھی اپنی سرزمین سے پاکستان پر حملے رکوائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم افغان الیکشن کے مسئلے کا مشاورت کے ذریعے حل نکالنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، تاہم پیشگی شرائط رکھنے سے ایسا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی حملہ کیس ٹرائل عدالت میں زیرسماعت ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس کیس میں پاکستان کو بھی انصاف ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ نجی ٹی وی چینل کے صحافی فیض اللہ کے معاملے پر افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ افغانستان سے فیض اللہ کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، ہماری کوششوں کے بعد اس پر لگائے گئے سنگین الزامات واپس لے لیے گئے ہیں۔
مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک میں پاکستانی سفارتخانے مسئلہ فلسطین کے حل کی کوششیں کر رہے ہیں۔ فلسطین کے حوالے سے دو تین مختلف ٹریکس پر کام کیا جا رہا ہے۔