کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں وزارت انصاف کی عمارت کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جب کہ دھماکے کی ذمے داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دھماکا وزارت انصاف کی بلڈنگ کے پارکنگ ایریا میں اس وقت کیا گیا جب سرکاری اہلکارڈیوٹی ختم ہونے کے بعد واپس جارہے تھے، دھماکے کے بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
خبررساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ طالبان نے نئی جارحانہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے کابل میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 5 بڑے دھماکوں میں 3 بار وزارت انصاف کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب کابل پولیس چیف کے ترجمان کے مطابق دھماکے سے قبل ایک گاڑی علاقے میں دیکھی گئی اورخدشہ ہے کہ یہ دھماکا اس میں بھرے بارود کے پھٹنے سے ہوا تاہم اصل وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے۔