ہلمند (جیوڈیسک) افغان صوبے ہلمند میں اتحادی فوج کے فضائی حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
افغان صوبے ہلمند کے سربراہ صوبائی کونسل عطاء اللہ افغان کا کہنا ہے کہ اتحادی فوج کےحملےمیں افغان پولیس اہلکار فرینڈلی فائر کا نشانہ بنے۔
فغان وزارت داخلہ نے واقعے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعےکی حقیقی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ فضائی حملہ ہلمند-قندھار ہائی وے کے علاقے نہر سراج میں نیٹو کے ریزولیٹ سپورٹ مشن فورس کی جانب سے کیا گیا تھا۔
ابل میں موجود امریکی فوج کی جانب سے مذکورہ حملے سے متعلق فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ہلمند کے گورنر محمد یٰسین نے کہا کہ فضائی حملے کی تحقیقات جاری ہیں، دوسری جانب طالبان کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ امریکی فورسز کی جانب سے کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ مارچ میں افغانستان کے شمالی شہر قندوز میں طالبان کے حملے میں 8 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل افغان طالبان نے صوبہ قندوز میں قائم آرمی بیس پر حملہ کرکے 26 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے بعد امریکا اور طالبان امن عمل کے لیے براہ راست مذاکرات کررہے ہیں جس کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان اور امریکی نمائندہ خصوصی کے درمیان مذاکرات کا حالیہ دور رواں ماہ کے آغاز میں ہوا تھا۔