کابل (جیوڈیسک) افغان صوبے ہلمند میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ایک مبینہ فضائی حملے میں 11پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ ہرات کے ضلع آنجیل میں 35اسکول طالبات کو زہر دے دیا گیا، افغان طالبان نے ہزارہ اقلیتی برادری کے 13افراد کے قتل کی مذمت کی ہے۔
نیٹو کے مبینہ فضائی حملے میں مرنے والے سرکاری ملازمین کا تعلق افغان وزارت داخلہ کے انسداد منشیات کے محکمے سے بتایا گیا ہے۔ افغانستان میں تعینات مغربی دفاعی تنظیم نیٹوکے بین الاقوامی دستوں کی اعلیٰ کمان نے فوری طورپر اس مبینہ حملے کی تصدیق یا اس پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ حملے میں 4اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
افغان فورسز کے ترجمان نے بھی اس علاقے میں بمباری کی تردید کر دی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبائی پولیس کے سربراہ عبدالماجد روزی نے بتایا کہ ہرات کے ضلع آنجیل میں 35اسکول طالبات کوزہر دیا گیا جنھیں طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔
تاہم انھوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ دریں اثنا ہرات کے علاقائی اسپتال کے ترجمان شفیق شیروزئی نے کہا کہ یہ واقعہ ناروین گرلز اسکول میں پیش آیا ہے۔