افغانستان، آپریشن میں 5 اغوا کاروں سمیت 37 جنگجو ہلاک، 11 زخمی

Afghanistan

Afghanistan

کابل (جیوڈیسک) افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 اغوا کاروں سمیت 37 طالبان جنگجوہلاک اور 11 زخمی ہوگئے جبکہ افغان انٹیلی جنس نے ہرات میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ادھر مشرقی اور مغربی افغانستان میں طالبان کے حملوں 4 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔ پیر کو افغان وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل آرمی، پولیس اور انٹیلی جنس نے مشترکہ طور پر صوبہ لغمان، قندھار، زابل، ارزگان، غزنی، خوست اورپکتیا میں آپریشن کیاجس میں 18 جنگجو مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں مختلف اقسام کے ہتھیار اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا۔ادھرمغربی صوبہ ہرات میں افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 5 مشتبہ اغوا کاروں کو ہلاک کردیا۔

وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی کا کہنا ہے کہ اغواکاروں کو افغان کمانڈو فورس نے ایک سرچ آپریشن کے دوران ہلاک کیا۔ آپریشن کے دوران 2 مقامی بزنس مینوں کو بازیاب کرالیا گیا جبکہ مختلف اقسام کے 40 ہتھیار بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

دریں اثنا جنرل ظاہرعظیمی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں افغان نیشنل آرمی کے مختلف صوبوں میں کیے گئے آپریشن میں 14 جنگجوہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نے صوبہ فریاب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا ہے۔

این ڈی ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار خودکش حملہ آوروں سے بارودی جیکٹس برآمد ہوئی ہیں دہشت گرد صوبائی دارلحکومت میں کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ حکام کاکہنا ہے۔

کہ مغربی اور مشرقی افغانستان میں عسکریت پسندوں نے متعدد آرمی چیک پوائنٹس پرحملے کیے ہیں جس میں 4 افغان فوجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ وزارت دفاع کے ترجمان ظاہرعظیمی نے بتایا ہے کہ 4 افغان فوجی صوبہ لوگر کے ضلع چارکھ میں مارے گئے۔