اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے علاقے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے پر دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے۔ حملے میں سفارتی عملہ محفوظ رہا تاہم کچھ اہلکار شیشے لگنے کے باعث معمولی زخمی ضرور ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان حکومت واقعے کی جامع تحقیقات کر کے حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرے اور تحقیقات سے حاصل ہونیوالی معلومات کا پاکستان سے تبادلہ بھی کیا جائے۔
ترجمان کے مطابق افغان حکومت سے کہا گیا ہے کہ افغانستان میں سفارتی عملے کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
ادھر افغان صدر اشرف غنی، وزیر خارجہ اور قائم مقام وزیر دفاع نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور کو ٹیلی فون کر کے قونصل خانے پر حملے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی۔