میونخ (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے مفاہمتی عمل انتہائی اہم ہے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جرمنی کے شہر میونخ میں سینٹ کام ایشیا سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کیا۔ جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں عدم استحکام کے پاکستان پراثرات پر اظہار خیال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لیے مفاہمتی عمل انتہائی اہم ہے۔ پرامن افغانستان سے خطے کے ممالک کے درمیان رابطے بڑھیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانا ہوگا۔
پاک چین اقتصادی راہداری سے دیگر ممالک بھی استفادہ کرسکیں گے ۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے معاشی وسماجی استحکام ضروری ہے۔ پاکستان میں استحکام کےباعث خطے کے ممالک سے اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوگا۔