اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان سے نکلنے والے افراد کو محفوظ راستہ دینگے۔
افغان رہنماؤں کا اعلیٰ وفد وزارتِ خارجہ پہنچا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعدازاں میڈیا کو بیان جاری کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مختلف گروپوں سے تعلق رکھنے والے افغان وفد سے ملاقات ہوئی، وفد میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہیں، انہوں نے امن عمل میں حصہ لینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں افراتفری کا خاتمہ چاہتے ہیں، ڈنمارک کے وزیر خارجہ سےبات ہوئی ہے، ڈنمارک کے لوگوں کا افغانستان سے محفوظ انخلا ہو چکا، پاکستان مزید پروازیں افغانستان بھیجنے کی کوشش کر رہا ہے، 380 غیر ملکی سفارتکار پاکستان پہنچ چکے ہیں، افغانستان سے نکلنے والے افراد کو محفوظ راستہ دینگے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں افغانستان کے لوگ ترقی کریں، افغانستان میں امن اور استحکام کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، ہمیں خوشی ہوئی کہ افغان امن عمل میں ہم نے حصہ لیا، افغانستان سے متعلق پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، لوگوں کی جان اور مال کی حفاظت ضروری ہے۔