افغانستان: پولیس کمانڈر کے 14رشتے دار بم دھماکے میں ہلاک

Blast

Blast

کابل (جیوڈیسک) قندوز میں پولیس کمانڈر کے ٹرک کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا،محمد عمر محفوظ رہے،کنڑ میں طالبان کے حملوں میں 5افغان فوجی مارے گئے سر پل میں سڑک کنارے نصب بم دھماکا،8پولیس اہلکار نشانہ بنے،سرپل کونسل کے امیدوار حسین نظاری اور7ساتھیوں کو طالبان نے اغوا کرلیا۔

افغانستان میں پولیس کمانڈر کے 14رشتے دار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے جب کہ صوبائی کونسل کے انتخابی امیدوار کو 7 کارکنوں سمیت اغوا کرلیا گیا۔ نیز بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں 8 پولیس اہلکار مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق پیر کو صوبہ قندوز کے ضلع خان آباد میں مقامی پولیس کمانڈر محمد عمر کے پک اپ ٹرک کو بارودی سرنگ کے ذریعے دھماکے سے اڑادیا گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 14افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔مرنے والے تمام افراد پولیس کمانڈر کے رشتے دار تھے جن میں اس کے دو بیٹے اور ایک بھائی بھی شامل تھاجب کہ محمد عمربذات خود اس ٹرک میں موجود نہیں تھا ،اس لیے حملے میں بچ گیا۔اسی ضلع میں کرائم برانچ کا افسر اسلام حسین بھی ایک دھماکے میں ہلاک ہوگیا۔صوبہ لوگر میں ایک خودکش حملےمیں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 4زخمی ہوگئے۔صوبہ سر پل میں بھی سڑک کنارے نصب بم کے ایک دھماکے میں 8پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ صوبے میں طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز میں شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔ صوبہ پکتیا میں بارودی سرنگ کے دھماکوں میں صوبائی کونسل کے امیدوار کے 8کارکن ہلاک ہوگئے۔ صوبہ کنڑ میں طالبان نے 5افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ طالبان کے ترجمان نے بتایا کہ جنگجوؤں نے مانوگی کے علاقے میں گزشتہ رات افغان فوجیوں پر حملہ کیا جس میں 5 افغان فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

ادھر سرپل میں ہی افغان حکام نے کہا ہے کہ مسلح طالبان نے صوبائی کونسل کے لیے ہونے والے انتخابات کے امیدوار اور ان کے 7کارکنوں کو اغوا کر لیا ہے۔ گورنر عبدالجبار حق بین نے پیر کو بتایا کہ جنگجو امیدوار حسین نظاری اور ان کے 7ساتھیوں کو رات میں اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔یہ صوبائی دارالحکومت میں ایک ٹیکسی میں سفر کر رہے تھے اور ان کے ساتھ کوئی سیکیورٹی نہ تھی۔ گورنر نے بتایا کہ علاقے کے عمائدین نظاری اور دیگر کو چھڑانے کے لیے طالبان سے بات چیت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب طالبان نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے حسین نظاری کو اس کے 10محافظوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں صدر حامد کرزئی کے جانشین کے چناؤ کے لیے ہفتے کو انتخابات ہوں گے اور اسی دن صوبائی کونسل کے ارکان کا انتخاب بھی ہوگا۔

طالبان پانچ اپریل کو ہونے والے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے لیے تمام تر طاقت کے استعمال اور پولنگ اسٹیشنز پر حملے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔ دریں اثناءروس افغانستان کو 30گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔ پیر کو روس کے ڈائریکٹر فیڈرل سروس برائے ملٹری ٹیکنیکل کوآپریشن الیگزینڈر فومن نے روسی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ امریکہ کے ساتھ معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے افغان فوج کو گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں گے۔