افغانستان (جیوڈیسک) افغان میڈیا کے مطابق، افغان صوبے ننگرہار کے ضلع ہسکمینہ سابق سربراہ کی نماز جنازہ کے دوران ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کم از کم 14 افراد شدید زخمی ہیں۔
صوبے کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر نجیب اللہ کماول نے 12 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ دھماکہ دوپہر کے وقت ہوا۔ واقعہ جلال آباد میں واقع مقام خان قبرستان میں پیش آیا۔ اب تک کسی گروہ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
دھماکے کے بعد افغان سکیورٹی فورسز نے جائے حادثہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور شہریوں کو دہشتگردوں کے کسی بھی مزید ممکنہ اقدام سے بچنے کی خاطر جائے حادثہ پر جمع ہونے سے منع کیا ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔