کابل (جیوڈیسک) افغان صدارتی امیداور عبداللہ عبداللہ نے زلمے رسول سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ممکنہ اتحاد اور مستقبل میں حکومت کے قیام پر تبادلہ خیال کیا غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان کی صدارت کے مضبوط امیداور عبداللہ عبداللہ نے مخالف امیدوار کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
تاہم انہوں نے اتحادی حکومت کے قیام کے امکان کو رد کردیا۔ سابق افغان وزیر خارجہ جو اس وقت تک آنے والے نتائج میں سرفہرست نظر آتے ہیں غیرملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ زلمے رسول سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں آئندہ حکومت کے قیام سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں افغان صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے بچنے کے لیے ممکنہ تجاویز پر بات ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کہ صدارتی انتخاب کا نتیجہ پہلے راؤنڈ میں ہوجائے گا۔