کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں صدارتی انتخابات کے دوسرے اور حتمی مرحلے میں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کے لیے آج ووٹ ڈالے جائیں گے۔
دو ماہ پہلے ہونے والے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار کامیابی کے لیے درکار 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکا تھا۔
پہلے مرحلے میں سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ 44.9 فیصد ووٹ حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہے، انھوں نے 29 لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کئے تھے۔ ان کے قریب ترین حریف اور۔سابق وزیرِ خزانہ اشرف غنی تھے،جن پر انہیں 13 فیصد کی مجموعی برتری حاصل رہی جو 31.5 فیصد یعنی 20 لاکھ 89 ہزار ووٹ ہی لے سکے تھے۔
عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی میں سے جو بھی نیا صدر منتخب ہو گا وہ ملک کے موجودہ صدر حامد کرزئی کی جگہ لے گا۔ افغانستان میں انتخابی نتائج کے اثرات پاکستان پر بھی کافی گہرے مرتب ہوتے ہیں ،جب کہ پاکستان کئی بار افغان علاقوں سے پاکستان کئے جانے والے حملوں پر احتجاج کر چکا ہے۔