کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں صدراتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جب کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاک افغان بارڈر کو سیل کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے صدارتی انتخابات میں 8 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، طالبان کی جانب سے انتخابات کو ناکام بناتے کی دھمکیوں کے باعث 4 لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
حامد کرزئی کے حمایت یافتہ امیدوار اور سابق وزیر خارجہ زلمے رسول، سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر اشرف غنی احمد زئی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ انتخابات میں ایک کروڑ 10 لاکھ افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سابق صدر حامد کرزئی، زلمے رسول، اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے کابل میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ دیگر امیدوار اپنے اپنے علاقوں میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔