کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں اگلے برس ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت ختم ہو گئی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں صدر کرزئی کے بھائی اور متعدد جنگی سردار شامل ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی مجموعی تعداد 27 تھی جن میں ماضی کے متعدد جنگی سرداروں سمیت سیاستدان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔
صدر کرزئی اکتوبر 2001 سے افغانستان پر حکومت کر رہے ہیں تاہم ملکی دستور کے مطابق وہ اگلی مدت کے لئے عہدہ صدارت کے امیدوار نہیں ہو سکتے۔ افغان دستور کے مطابق کوئی بھی شخص تیسری مدت کے لئے صدر کے عہدے کے لئے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔ واضح رہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات اگلے برس اپریل کی پانچ تاریخ کو منعقد ہونا ہیں۔
ان انتخابات میں افغانستان کے سابق وزیر خارجہ زلمے رسول بھی حصہ لے رہے ہیں جب کہ صدر کرزئی کے بھائی قیوم کرزئی بھی عہدہ صدارت کی دوڑ کے لئے میدان میں اتریں گے۔