ننگرہار (جیوڈیسک) مشرقی افغانستان میں سڑک کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوبہ ننگرہار کے گورنر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ایک مسافر پک اپ ٹرک ضلع اچن میں سٹرک کنارے نصب ایک بم سے ٹکرا گیا ، جس کے بارے میں خیال ہے کہ اسے داعش کے جنگجوؤں نے نصب کیا تھا۔
اس دھماکے میں 7 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
کسی گروپ نے ابھی تک دھماکے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
مقامی غنی خیل اسپتال کے عہدے داروں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
عسکریت پسند گروپ داعش ضلع اچن میں سرگرم ہے ۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں اپریل میں امریکی فورسز نے دنیا کا سب سے بڑا بارودی بم گرایا تھا۔ اس بم کو بموں کی ماں کہا جاتا ہے۔ یہ بم جوہری بم کے بعد سب سے زیادہ طاقت کا بم ہے۔
اس علاقے میں طاقت ور بم گرانے کا مقصد داعش کے زیر استعمال سرنگوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا۔