نیویارک (جیوڈیسک) امریکا نہیں چاہتا کہ افغان صدارتی مہم میں یہ معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر جائے، جیمز ڈوبنز امریکا نے کہا ہے کہ وہ آئندہ برس اپریل میں ہونے والے افغان صدارتی انتخابات سے قبل کابل کے ساتھ سکیورٹی کے معاہدے کو آخری شکل دینے کا خواہش مند ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما کے افغانستان اور پاکستان کے لئے خصوصی مندوب جیمز ڈوبنز نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت افغانستان کے ساتھ تعطل کا شکار سلامتی کے معاہدے پر دستخط آئندہ برس افغان صدارتی انتخابات سے قبل چاہتی ہے۔
جیمز ڈوبنز کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس معاہدے کا اکتوبر میں طے پا جانا ضروری ہے کیونکہ اس کے بعد افغانستان میں سیاسی مہم تیز ہو جائے گی۔ ڈوبنز کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ افغان صدارتی مہم میں یہ معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر جائے۔
ہم چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ انتخابی مہم کا پس منظر نہ بنے اور جو موضوعات اس مہم میں کلیدی حیثیت اختیار کریں وہ افغانستان کے مستقبل اور افغانستان کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات سے منسلک ہوں۔ واضع رہے کہ صدر کرزئی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انہیں امریکا کے ساتھ اس معاہدے کی تکمیل کے لئے کوئی جلدی نہیں ہے۔ خیال رہے کہ صدر کرزئی آئینی قدغن کے باعث افغان صدارتی انتخابات میں تیسری بار حصہ نہیں لے سکیں گے۔