کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں شدید بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے 500 سے زائد افراد ہلاک جب کہ ہزاروں لاپتہ ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان شمالی صوبے بدخشاں میں پہاڑ کا تودہ گرنے سے متعدد گھر ملبے تلے دب گئے جس کے نتیجے میں اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 2000 سے زائد لاپتہ ہیں۔
سیکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنھیں نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ افغان نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کے مطابق لینڈ سلائڈنگ نے تقریباً ایک ہزار خاندانوں کو متاثر کیا جبکہ 300 خاندان اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تعداد 2 ہزار کے قریب ہوسکتی ہے۔
متاثرہ علاقے میں آباد 700 خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے ملبے کو ہٹانے کے لئے بھاری مشینری کی مدد سے کٹائی کا کام شروع کردیا امریکا اور نیٹو فورسز کی جانب سے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا جارہا ہے۔