قندھار (جیوڈیسک) افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکوں میں دس شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق صوبہ قندھار کے علاقے نوروز میں شہریوں کی ایک منی بس سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی۔
جس کے نتیجے میں پانچ خواتین سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ۔ حکام کے مطابق یہ افراد ایک ہی خاندان کے تھے تاہم اس کی دیگر ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب جلال آباد میں ایک گاڑی سڑ ک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر اور ایک شہری ہلاک ہو گیا۔
دریں اثنا صوبہ کنڑ میں امریکی ڈرون حملے میں دو افراد مارے گئے ۔ڈرون حملے میں جنگجوؤں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
قبل ازیں اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ 2014 کی پہلی ششماہی میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کی نسبت شہریوں کی ہلاکتوں میں 24 فیصداضافہ ہوا ہے۔