افغانستان میں خودکش دھماکا، 50 افراد ہلاک، 60 زخمی

Afghanistan

Afghanistan

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے صوبے پکتیکا میں والی بال میچ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے۔

مشرقی صوبے پکتیکا کے نائب گورنر عطاءاللہ فاضلی کے مطابق حملہ ضلع یحیٰی خلیل میں ہونے والے “والی بال” میچ کے دوران کیا گیا۔ اس وقت میدان میں سیکڑوں افراد جمع تھے، زخمی افراد میں سے بیشتر کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانوں جانوں کے ضیاع کو افسوس ناک قرار دیا۔

جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے کابل دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے، اور اس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی،اس واقعے سے چند گھنٹے قبل ہی افغان پارلیمنٹ نے ایک سمجھوتے کی منظوری دی تھی۔

جس کے تحت امریکا اور نیٹو افواج اس سال کے آخر تک افغانستان میں تعینات رہ سکیں گی ۔ افغان صدر اشرف غنی نے بھی اس سمجھوتے کی منظوری دے چکے ہیں جبکہ طالبان اور دیگر اپوزیشن جماعتیں اس معاہدے کے خلاف ہیں۔