کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں امریکی فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں چالیس سے زائد نیٹو کنٹینر اور امریکی فوجی گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں۔ جوابی کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے، طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں پاکستانی سرحد طورخم سے ملحقہ علاقے شیراز میں امریکی فوجی اڈے پر افغان نیشنل آرمی کی وردیوں میں ملبوس 3 خودکش حملہ آوروں نے ایک ساتھ حملہ کیا۔ حملے کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، امریکی اور افغان فورسز نے عسکریت پسندوں سے مقابلہ کیا۔
جس میں تین حملہ آور مارے گئے۔ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں نیٹو کے ہیلی کاپٹر بھی شامل تھے، نیٹو کا دعوی ہے کہ شدت پسندوں کے خودکش حملوں میں فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، تاہم چالیس سے زائد کنٹینر اور امریکی فوجی گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئے۔
دوسری جانب مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں نیٹو فوج کا ایک کرنل بھی شامل ہے،حملے کے بعد سے جلال آباد اور طورخم کے درمیان ہائی وے بند کردی گئی ہے جو نیٹو سپلائی کا اہم راستہ ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان نے امریکی اڈے پر حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔