کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں طالبان کے حملوں میں ایک نیٹو فوجی اور 3 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ سکیو رٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 137 طالبان کو ہلاک کر نے دعویٰ کیا ہے۔
مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 137 طالبان جنگجو مارے گئے جبکہ 53 زخمی بھی ہوئے۔طالبان نے آپریشن میں صرف اپنے 9 ساتھیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
شیرزاد میں کا رروائی سے قبل افغان سکیورٹی فورسز نے ضلع حیسارک میں فوجی آپریشن کیا جس میں درجنوں طالبان جنگجو مارے گئے۔علاقے میں آپریشن طالبان کے حملوں کے بعد کیا گیا۔
دوسری جانب افغان صوبے غزنی کے ضلع باہرامی میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 3 مقامی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ غزنی کے نائب پولیس سربراہ اسد اﷲ انصافی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بارودی مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ نیٹو نے افغانستان کے مشرق میں مسلح کارروائی کے دوران ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ رواں برس اب تک افغانستان میں نیٹو کے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 51 ہو گئی ہے۔