افغانستان: طالبان کی مختلف کاروائیوں میں 16 پولیس اہلکار ہلاک

Afghanistan Taliban

Afghanistan Taliban

کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں طالبان کی دو مختلف کارروائیوں میں 16 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ افغان صوبہ زابل کے ڈپٹی گورنر محمد جان رسول یار نے میڈیا کو بتایا کہ نوبہار کے علاقے سے 8 مقامی پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں 2 ہفتے قبل جنگجوؤں نے پولیس کے قافلے پر حملے کے دوران اغوا کر لیا تھا، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ لاشوں کے سر کٹے ہوئے تھے۔

ڈپٹی پولیس چیف غلام جیلانی کے مطابق اہلکاروں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔ دوسری جانب صوبہ بدخشاں کے ضلع یمگان میں طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں آٹھ اہلکار ہلاک ہو گئے۔ صوبائی پولیس چیف جنرل فیض الدین نے بتایا کہ لڑائی میں 12 جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مزید پولیس اہلکاروں کو چیک پوسٹ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضلع یمگان کے ہیڈکوارٹرز پر اپنا پرچم لہرائیں گے۔ دریں اثنا افغان انٹیلی جنس حکام نے کابل سے ایک مبینہ پاکستانی خودکش بمبار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق خودکش بمبار اعلیٰ حکومتی عہدیداران کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا اور اس کے قبضے سے بارودی مواد اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔