کابل (جیوڈیسک) ایجنسیاں افغانستان کے شمال مغربی صوبے بادغیس میں طالبان مزاحمت کاروں کے ایک چیک پوائنٹ پر حملے میں پانچ پولیس افسر ہلاک ہوگئے ہیں۔
بادغیس کی صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالعزیز بیگ نے بتایا ہے کہ طالبان نے ہفتے کی صبح ضلع قدیس میں ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کیا تھا ۔اس میں تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں اور ایک افسر کو حملہ آور اغوا کرکے ساتھ لے گئے ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ طالبان کے چیک پوائنٹ پر حملے کے بعد ان کا پولیس کے ساتھ کوئی ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا اور اس میں طالبان کا بھی جانی نقصان ہوا ہے لیکن انھوں نے مہلوکین کی تعداد نہیں بتائی ۔
طالبان نے ایک بیان میں قدیس میں پولیس کے چیک پوائنٹ پر حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
مغربی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات اور امریکی حکام کے مطابق طالبان نے حالیہ برسوں کے دوران میں افغانستان کے قریباً نصف حصے پر عملاً کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور انھوں نے افغان سکیورٹی فورسز پر حملے تیز کر رکھے ہیں۔