افغانستان (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے کے قریب اور سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر بم دھماکے میں پندرہ افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے۔ کابل وزارت داخلہ کے کریمنل انوسٹی گیشن کے ادارے کے سربراہ جنرل محمد ظہیر نے کار بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور نے کابل میں اعلی عدالت کے ملازمین کی بس کو کار بم دھماکے سے نشانہ بنایا جس سے پندرہ کے قریب افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ اس مقام پر کیا گیا جب اس کے قریب امریکی سفارتخانہ بھی موجود تھا۔ ادھر عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے جائے وقوعہ پر کار اور بسوں کے ٹکرے دیکھے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بھی کہا کہ دھماکے کے مقام پر متعدد افراد کو زمین پر پڑے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے واقعہ کے بعد افغان سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکے سے امریکی سفارتخانے کو بھی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔