کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں امریکی اور نیٹو کمانڈر جنرل جان کیمبل نے طالبان کی جانب سے ضلع سنگین میں حملے کے بعد اوباما انتظامیہ سے مزید فوجیوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان کی تیزی سے بڑھتی پیش قدمی اور شورش کے پیش نظر افغانستان میں امریکی اور نیٹو ملٹری کمانڈر جنرل جان کیمبل کا کہنا ہے کہ 2015 کی دوسری سہہ ماہی میں افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال انتہائی خراب رہی اور مقامی فورسز کی مدد اور طالبان کے حملوں کو روکنے کے لئے مزید امریکی فوجیوں کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی خراب صورتحال کے باعث اوباما انتظامیہ سے درخواست ہے کہ جب تک ممکن ہو افغان آپریشن میں سرگرم امریکی فوجیوں کو یہیں برقرار رکھا جائے اور مدد کے لئے مزید فوجیوں کو بھیجا جائے۔