کابل (اصل میڈیا ڈیسک) افغانستان میں امریکا کی سب سے بڑی ایئر بیس پر 10 راکٹس داغے گئے جن میں سے 4 اڈے کے اندر گرے جب کہ 6 کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے پروان کے ضلع بگرام میں واقع امریکی فضائیہ کے سب سے بڑے اڈے کو راکٹس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
فضائی اڈے پر 10 راکٹس داغے گئے جن میں سے 4 فضائی اڈے کے اندر گرے اور 6 کو پولیس نے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا۔ راکٹس حملے سے پورا علاقہ لرز اُٹھا۔
بگرام کے گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ قلندر خیل کے علاقے میں ایک ٹرک پر 10 ایم بی-12 راکٹس رکھے گئے اور انہیں امریکی فضائی اڈے کی جانب داغا گیا۔
امریکی فضائیہ کی جانب سے تاحال راکٹس حملوں پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ حملے میں شدید جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ گزشتہ روز صوبہ غزنی میں قرآن خوانی کے اجتماع میں موٹرسائیکل بم دھماکے میں 30 سے زائد افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔