کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں متنازع صدارتی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی جانچ پڑتال کا عمل کل دوبارہ شروع ہو گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کام میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔ 14 جون کو دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخاب میں اشرف غنی نے عبداللہ عبداللہ کو ہرا کر کامیابی حاصل کی تھی۔
عبداللہ عبداللہ نے الیکشن میں فراڈ کا الزام لگایا جس کے بعد ووٹوں کی جانچ پڑتال اور دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا گیا۔ 10 جولائی کو یہ عمل شروع ہوا جو مختلف وجوہات کے باعث تین مرتبہ ملتوی ہوا۔
اب افغان الیکشن کمیشن کے چیئرمین احمد یوسف نورستانی کا کہنا ہے کہ 80 لاکھ سے زائد ووٹوں کی گنتی کا عمل کل دوبارہ شروع ہو گا۔
انہوں نے صدارتی امیدواروں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حلقوں سے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔