واشنگٹن (جیوڈیسک) وائٹ ہائوس نے افغانستان سے انخلاء کے منصوبے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل اب اپنے ملک کی سکیورٹی کا خود اکیلا ذمہ دار ہے۔
وائٹ ہائوس کے ترجمان جوش ایرنسٹ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغانی اب اپنے ملک کی سکیورٹی کے خود ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی کمبیٹ مشن اب پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے اور وہاں سے ہم نے انخلاء کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں اپنے بہادر فوجیوں اور اتحادیوں کے باعث بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا ان کامیابیوں میں سے بہت سی ایسی ہیں جو امریکی اور افغان فورسز کی بہترین کوآرڈی نیشن کے باعث حاصل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انخلاء کے بعد بھی دونوں ممالک کے درمیان یہ تعاون اسی طرح جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی مشن اور تربیتی مشن کیلئے ہماری سکیورٹی فورسز ابھی افغانستان میں موجود رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت‘ امریکہ اور افغان سکیورٹی کیلئے تعاون کرنے والے ممالک کے درمیان مضبوط اور گہرا تعلق قائم رہنا بھی انتہائی اہم ہے۔