واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد خطے میں امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہو گا۔
واشنگٹن میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہیں، وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف بہت سے موثر اقدامات کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا خطے میں امن اور استحکام کیلئے شراکت دار ہیں، مل کر انسداد دہشت گردی اور جمہوریت کے استحکام کےلئےکام کریں گے، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بھی بڑھانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور امریکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور ہم دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کر رہے ہیں، گزشتہ چند مہینوں میں دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، حالیہ کوششیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مثبت ثابت ہوں گی، انسداد دہشت گردی کے لئے امن پسندوں کو یکجا کرنا ہو گا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں افغانستان کے پاکستان ک ساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں جب کہ امریکا کے تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور اوباما انتظامیہ کے اقدامات کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات میں بھی بہتری آرہی ہے۔