اسلام آباد( جیوڈیسک) وفاقی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 15 بھکاریوں سمیت 19 ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 250 گر ام چرس، شراب کی 70 بوتلیں اور مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ بھکاریوں کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 15 بھکاریوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون کے دوران تھانہ کوہسار پولیس نے ملزم لیاقت علی کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 250 گرام چرس برآمد کرلی۔
تھانہ شہزاد ٹائون پولیس نے دوران گشت دو ملزموں عیسی خان اور اربستان کو گرفتار کرلیا جو افغانی ہیں جبکہ دوران گشت ملزم محمد سعید کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے شراب کی 70 بوتلیں برآمد کرلیں۔ ملزموں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے۔ اور مزید تفتیش جاری ہے۔