اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ایک پرامن، متحد، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جس کے لئے پاکستان تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام آباد دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کیلئے شراکت اقتدار کا ایک فارمولا تجویز کیا گیا ہے جس میں طالبان اور دوسرے فریقوں کو شامل کیا جائے۔
صحافیوں کو دی گئی بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ایک پرامن، متحد، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جس کے لئے پاکستان تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ مثبت کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر دائود زئی اور خارجہ امور اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات میں افغانستان میں جنگ کے خاتمے کیلئے شراکت اقتدار کا ایک فارمولا تجویز کیا گیا جس میں طالبان اور دوسرے فریقوں کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان تنازع میں ہمیشہ امن ثالث کی حیثیت سے کردار ادا کیا ہے۔ یہ کوششیں گزشتہ ڈیڑھ سال میں تیز کی گئیں جس کے نتیجے میں دوحہ میں طالبان کا سیاسی دفتر قائم کیا گیاجو طالبان کے ساتھ رابطے کا کام کرے گا۔