تنزانیہ (جیوڈیسک) انسانی فطرت میں شامل ہے کہ وہ زندگی کےایک ہی جیسے رنگ ڈھنگ سے اکتا جاتا ہے تو پھر کچھ نیا چاہتا ہے تاکہ زندگی میں مزید رنگ شامل ہوں اور اسی خواہش کو پورا کرنے کے لیے افریقہ میں سمندر کی گہرائیوں میں ایک ایسا ہوٹل تیار کیا گیا ہے جہاں لوگ خود کو مچھلیوں کے درمیان تصور کریں گے۔
افریقی ملک تنزانیہ کے علاقے زنزبیر کے ساحلی جزیرے پمبا میں مانٹا ریسورٹ ہوٹل کو سطح سمندر سے 250 میٹر گہرائی میں تعمیر کیا گیا ہے جس کی تین منزلیں ہیں اور اس میں ایک ڈائننگ روم اورکئی بیڈرومز بنائے گئے ہیں اور ان بیڈروم میں رات گزارنے والے سیاح 360 ڈگری پر پورے سمندر کا نظارہ کرسکیں گے کیونکہ جب رات کے اوقات میں کمروں کے ارد گرد لگی اسپاٹ لائٹس جگمگاتی ہیں تو سمندر میں تیرتی رنگ برنگی مچھلیاں نیلے پانی میں انتہائی خوبصورت نظارہ پیش کرتی ہیں۔
اس دلکش اور خوبصورت ہوٹل کی تین منزلہ عمارت کو ایک سوئس کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے اوریہاں دو بیڈ والے کمرے کا کرایہ 1500 ڈالر جبکہ سنگل بیڈ کمرے کا کرایہ 900 ڈالر ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہےکہ یہاں ایک رات گزار کر انسان قدرت کے ان نظاروں سے لطف اندوز ہوسکتا ہے جس کا اس نے کبھی خواب ہی دیکھا ہوگا جبکہ اس ہوٹل کی ایک اورخصوصیت یہ ہے۔
کہ ایک منزل سمندرکی سطح پر تعمیر کی گئی ہے تاکہ رات کی تاریکی میں آسمان پر چمکتے ستاروں کا بھی لطف اٹھایا جاسکے۔ ہوٹل کےافتتاح کے بعد سے اب تک چار مہمان اس پر دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوچکے ہیں جس میں سے ایک سیاح کا کہنا تھا کہ اسے اس ہوٹل میں ٹھہر کر ایسا لگا کہ جیسے وہ کوئی خواب دیکھ رہا ہو۔