لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ‘فرانچائز اسپیشلسٹ’ بننے جارہے ہیں۔
34 سالہ آفریدی جو 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کریں گے، نے بگ بیش لیگ کے لیے بھی اپنی دستیابی ظاہر کردی ہے۔
آفریدی نے پہلے ہی انگلینڈ کی ٹی ٹوئینٹی لیگ میں انگلش کاؤنٹی نارتھینٹ کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بگ بیش لیگ کے سینئر مینیجر اینتھونی ایورڈ کے حوالے سے بتایا کہ آفریدی کی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کریئر کی جانب آمد خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کریئر کی جانب پہلے ہی کیون پیٹرسن اور اینڈریو فلنٹوف جیسے کھلاڑی گامزن ہیں اور انہوں نے ان لیگز پر بھاری اثر چھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آفریدی بگ بیش کا پہلا ایڈیشن کھیل چکے ہیں اور اس کے پانچویں ایڈیشن میں ان کی شمولیت کو خوش آمدید کہیں گے۔
کیریبیئن کرکٹ لیگ کے انٹرنیشنل کرکٹ ڈائریکٹر اور سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر ٹام موڈی کے مطابق آفریدی ویسٹ انڈیز کی لیگ میں بھی کانٹریکٹ کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پی ایل 2015 میں آفریدی کی شمولیت سے ٹورنامنٹ کا جوش و خروش مزید بڑھ جائے گا۔
آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے جانے جاتے ہیں اور ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے پاس رکھتے ہیں۔