کولکتا (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی 20 میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ احمد شہزاد کی ٹیم میںواپسی ہوئی ہے۔ آفریدی کا کہنا ہے کہ یہ وکٹ ہمارے لیے لکی ہے ،وارم اپ میچ ہم نے اسی وکٹ پر جیتا۔
کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ کھیلنے والے شاہد آفریدی کا 19 سال میں مشکل اور تلخ امتحان کا آغاز آج سے ایڈن گارڈنز کولکتا میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ سے ہورہا ہے۔
بنگلادیشی کرکٹرز پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرنے کے لئے پرعزم ہیں، بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف گذشتہ دونوں ٹی 20 میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وقار یونس کہتےہیں کہ ورلڈ ٹی20 کا مشن کسی بھی طرح امپوسیبل نہیں ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں کبھی کسی فیورٹ ٹیم نے کامیابی حاصل نہیں کی۔ ہمیں ورلڈ کپ گھر لے جانے کے لئے تین ہفتے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ یہاں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں ہے۔
پاکستان کے گروپ میں بھارت ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ہیں۔ اس گروپ کو ماہرین نے گروپ آف ڈیتھ قرار دیا ہے۔ گذشتہ روز ایونٹ کے افتتاحی میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو کھیل کے ہرشعبے میں آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 47 رنز سے ہتک آمیز شکست سے دوچار کیا تھا۔