فیصل آباد ( پ ر) سابق صدر انجمن طلباء اسلام پاکستان سید آفتاب عظیم بخاری نے مردان میں ہونیوالے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشت گرد انسانت کے قاتل ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسان کہلانے کے بھی قابل نہیں ایسے دہشت گردوں کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج ان دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنا کر دم لے گی۔
آپریشن ضرب عضب اور پاکستان کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کیخلاف دہشت گردوں کے حامیوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ آفتاب عظیم بخاری نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کا خون بہا کر اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کو یکسر نظر انداز کر رہے ہیں اور ایسے لوگوں کا اسلام ، مسلمان اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ سیاستدان اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا ساتھ دیں۔